ایک میچ میں میسی کے تین گول اور دو ریکارڈ: ’اب یہ بحث ختم ہو چکی کہ سب سے عظیم کھلاڑی کون ہے‘

لیونل میسی

،تصویر کا ذریعہKoji Watanabe/Getty Images

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 5 منٹ

ایک فٹبال میچ، تین گول، اور تینوں ہی میسی نے کیے۔

یوں ارجنٹینا کو فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں الجزائر کے خلاف فتح تو ملی ہی لیکن لیونل میسی نے ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر ایک بحث نے بھی جنم لے لیا۔

میسی عالمی کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے جرمنی کے کھلاڑی میروسلاو کلوزہ کے برابر آ گئے ہیں۔

یہ لیونل میسی کا اپنے ملک کے لیے 200 واں میچ تھا، جس میں ہیٹ ٹرک کر کے انھوں نے ورلڈ کپ فائنلز میں اپنے گولز کی تعداد 16 تک پہنچا دی۔

تین بار کے عالمی چیمپیئن ارجنٹینا کو فتح کے لیے بھرپور محنت کرنا پڑی کیونکہ وہ عالمی کپ کا دفاع کامیابی سے کرنے والی ٹیم بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

گذشتہ فیفا ورلڈ کپ ارجنٹینا نے جیتا تھا اور اس بار یہ پہلا موقع ہے کہ دفاعی چیمپیئن کے طور پر ارجنٹینا نے افتتاحی میچ میں فتح حاصل کی ہو۔

امریکہ کے کنساس سٹی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں یہ کامیابی بڑی حد تک میسی کی بہترین کارکردگی کی مرہونِ منت تھی، جنھوں نے 17 ویں منٹ میں پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

38 سالہ میسی ورلڈ کپ کا اپنا 27 واں میچ کھیل رہے تھے۔

انھوں نے انٹر میامی کے ساتھی روڈریگو ڈی پال سے گیند لی اور فرانسیسی لیجنڈ زنیڈین زیڈان کے بیٹے لوکا زیڈان کو چکمہ دے کر گیند جال میں پہنچا دی۔

میچ کے پہلے ہاف میں ان کی الجزائر کے عیسیٰ مانڈی سے بہت خطرناک ٹکر ہوئی، جس کی وجہ سے حریف ٹیم کے کھلاڑی گر گئے تاہم میسی سزا سے بچ گئے۔

میسی اور عیسیٰ مانڈی کی ٹکر

،تصویر کا ذریعہOmar Vega/Getty Images

ارجنٹینا نے دوسرا گول کھیل کے 60 ویں منٹ میں کیا جب میسی نے زیڈان کی غلطی سے فائدہ اٹھایا اور پھر 76 ویں منٹ میں نکولس گونزالیز سے گیند لے کر زبردست شاٹ کے ذریعے عالمی کپ میں اپنی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

گروپ جے میں کامیاب آغاز کے بعد ارجنٹینا اب آسٹریا اور اردن کے خلاف میچ کھیلے گا۔

مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

اپنی 39 ویں سالگرہ سے ایک ہفتہ قبل شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے لیونل میسی نے اپنے دیرینہ حریف کرسٹیانو رونالڈو کا بھی ایک اور ریکارڈ توڑا اور وہ عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے معمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔

چار سال قبل ارجنٹینا کو عالمی چیمپیئن بنانے کے بعد بین الاقوامی کیریئر جاری رکھنے کے میسی کے فیصلے پر کافی بحث ہوئی تھی لیکن اس کارکردگی نے ثابت کر دیا کہ وہ صرف نمائشی طور پر نہیں کھیل رہے بلکہ ارجنٹینا کو چوتھا عالمی کپ جتوانے کے لیے پرعزم ہیں۔

کلوزه کے برابر آنے کے بعد اب یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ اگلے میچ میںاپنے نام کر سکتے ہیں۔ پیر کے روز تمام نگاہیں ایک بار پھر ارجنٹینا کے اس سپر سٹار پر ہوں گی۔

الجزائر کے خلاف میسی کی اس کارکردگی پر سوشل میڈیا پر بھی طرح طرح کے تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک جانب جہاں انھیں عظیم کھلاڑی قرار دیا جا رہا ہے تو وہیں کچھ صارفین ایسے بھی ہیں جو عیسیٰ مانڈی سے ٹکر کے بعد میسی کو سزا نہ ملنے پر نا خوش ہیں۔

تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین لیونل میسی اور عیسیٰ مانڈی کی ٹکر کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھ رہے ہیں اس پر میسی کو ریڈ کارڈ دکھایا جانا چاہیے تھا جبکہ ایریل پلو نامی ایک صارف نے میسی کی صفائی پیش کرتے ہوئے لکھا کہ الجزائر کے کھلاڑی جان بوجھ کر گرے۔

پاکستانی سیاست دان اسد عمر نے ایکس پر لکھا کہ ’لیونل میسی کو اپنے چھٹے ورلڈ کپ میں کھیلتے ہوئے دیکھنا اب بھی لا جواب ہے۔ میرا خیال ہے اب یہ بحث ختم ہو چکی کہ سب سے عظیم کھلاڑی کون ہے۔‘

انڈین صحافی راجدیپ سردیسائی نے خیال ظاہر کیا کہ اگر ورلڈ کپ ارجنٹینا نے جیتا تبھی فیصلہ ہو سکے گا کہ کیا واقعی میسی سب سے عظیم ہیں۔

کارلی لائڈ نامی صارف نے لکھا کہ ’میسی اس وقت مکمل آزادی کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ انھوں نے پہلے ہی ورلڈ کپ جیت کر سب سے بڑا ہدف حاصل کر لیا اور یہی چیز اس ٹورنامنٹ میں انہیں مزید خطرناک بنا دیتی ہے۔‘

کارلی کا بھی یہی کہنا ہے کہ میسی جیسا کوئی اور نہیں۔

گاد سعد نامی ایک صارف کو ان لوگوں سے شکایت ہے جو اب بھی میسی سے نفرت کرتے ہیں۔

ایلن شیئرر نے ایکس پوسٹ میں میسی کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے تالیوں والے ایموجی بنائے۔