کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج: محض ایک طلبہ تحریک تھی یا پھر کسی بڑی سیاسی تبدیلی کا پیش خیمہ؟

دہلی میں بڑے عوامی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کے دوران کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے ایک حامی نے کاکروچ کا ماسک پہن رکھا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

،تصویر کا کیپشندہلی میں بڑے عوامی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کے دوران کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے ایک حامی نے کاکروچ کا ماسک پہن رکھا ہے
    • مصنف, سوتک بسواس
    • عہدہ, نامہ نگار انڈیا
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 12 منٹ

یہ سب ایک ایسے خوف سے شروع ہوا جو انڈیا کے لاکھوں نوجوانوں کے لیے بہت مانوس ہے: اگر وہ امتحانات، جن پر ان کے مستقبل کی بنیاد رکھی جاتی ہے، ہی قابلِ اعتماد نہ رہیں تو پھر آخر کس چیز پر بھروسا کیا جا سکتا ہے؟

ہزاروں نوجوان مرد و خواتین نے بھارتی پارلیمان کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے انھیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی اور لاٹھی چارج کیا۔ اس کے باوجود، اگلے دنوں میں مزید ہزاروں افراد احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

امتحانی پرچوں کے بار بار لیک ہونے کے خلاف بڑھتے ہوئے غصے کے نتیجے میں وجود میں آنے والی نوجوانوں کی قیادت والی تحریک کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) تیزی سے انڈیا کی حالیہ برسوں کی سب سے بڑی طلبہ تحریکوں میں شمار ہونے لگی ہے۔

یہ تحریک نہ صرف تعلیمی نظام میں جامع اصلاحات کا مطالبہ کر رہی ہے بلکہ وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا بھی تقاضا کرتی رہی جنھوںنے بلآخت سنیچر 25 جولائی کو استعفیٰ دے دیا۔

اس تحریک کے نمایاں رہنماؤں میں کارکن سونم وانگچک شامل ہیں، جن کا کہنا ہے کہ تحریک کی حمایت میں 26 روزہ بھوک ہڑتال کے دوران ان کا تقریباً 11 کلوگرام (24 پاؤنڈ) وزن کم ہو گیا۔ انھوں نے جمعرات کی شب اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دی۔

اب بنیادی سوال یہ ہے کہ آیا یہ محض ایک اور طلبہ احتجاج تھا یا پھر کسی بڑی سیاسی اور سماجی تبدیلی کا پیش خیمہ۔

تاریخ اس حوالے سے محتاط رہنے اور امید رکھنے، دونوں کے لیے دلائل فراہم کرتی ہے۔

انڈیا میں طلبہ تحریکیں ماضی میں کئی بار ملکی سیاست کا رخ موڑ چکی ہیں۔ گجرات کی نو نرمان تحریک نے 1970 کی دہائی میں سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کے خلاف سینئر سوشلسٹ رہنما جے پرکاش نارائن کی عوامی تحریک کو نئی قوت بخشی تھی۔

دوسری جانب، کچھ تحریکیں ایسی بھی رہیں جو غیر معمولی جوش و خروش کے ساتھ ابھریں، بڑے پیمانے پر توجہ حاصل کی، مگر وقت گزرنے کے ساتھ اپنی شدت برقرار نہ رکھ سکیں اور بتدریج مدھم پڑ گئیں۔

پارلیمان کی جانب مارچ کرنے والے کاکروچ جنتا پارٹی کے حامیوں کے دوران ایک مظاہرہ کرنے والا آنسو گیس کا شیل پولیس کی طرف واپس پھینک رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشندہلی میں سی جے پی مارچ کے دوران ایک مظاہرہ کرنے والا پولیس کی جانب آنسو گیس کا شیل واپس پھینک رہا ہے
مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

تاہم سی جے پی کو غیر معمولی بنانے والی بات صرف اس کا حجم نہیں، بلکہ اس کے مطالبات کی نوعیت اور ان کی ہمہ گیری بھی ہے۔

گذشتہ ایک دہائی کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی کی حکومت کے خلاف ہونے والے بڑے احتجاج، چاہے وہ شہریت کے قوانین سے متعلق ہوں، زرعی اصلاحات کے خلاف ہوں یا دیگر متنازع پالیسیوں کے ردِعمل میں، زیادہ تر نظریاتی یا سیاسی بنیادوں پر استوار تھے۔ اس کے برعکس، موجودہ تحریک بنیادی طور پر کسی نظریے، جماعت یا مخصوص سیاسی مؤقف کے گرد نہیں گھومتی۔

اسی طرح یہ کسی ایک برادری، ذات، مذہب یا سماجی طبقے کے مفادات کی نمائندہ بھی نہیں۔ اس کے مرکز میں ایک زیادہ بنیادی اور وسیع سوال موجود ہے: کیا ریاست اب بھی امتحانی نظام میں انصاف، شفافیت اور برابری کی ضمانت دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، جسے لاکھوں نوجوان انڈین سماجی و معاشی ترقی کا سب سے اہم ذریعہ سمجھتے ہیں؟

براؤن یونیورسٹی میں سینیئر وزٹنگ فیلو یامنی آیئر نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’امتحانات اور تعلیمی نظام بڑی حد تک ذات، طبقے اور جنس کی روایتی تقسیم سے بالاتر ہوتے ہیں۔ ان احتجاجوں میں شریک بنیادی حلقہ کسی ایک مفاداتی گروہ کی نمائندگی نہیں کرتا، بلکہ یہ ایک وسیع سماجی بے چینی کا اظہار ہے۔‘

شاید یہی وسیع تر اپیل اس تحریک کو سیاسی اعتبار سے منفرد بناتی ہے۔

دہلی میں قائم تھنک ٹینک سینٹر فار پالیسی ریسرچ سے وابستہ سیاسی تجزیہ کار راہول ورما کے مطابق، ’یہ تحریک بنیادی طور پر انتظامی ناکامی کے گرد گھومتی ہے۔ امتحانات کے شفاف انعقاد اور پرچوں کے لیک ہونے کی روک تھام میں ریاست کی ناکامی (حکمران جماعت) بی جے پی کے لیے ایک مختلف نوعیت کا سیاسی چیلنج پیدا کرتی ہے۔‘

ان کے نزدیک یہی پہلو اس احتجاج کو روایتی سیاسی تحریکوں سے ممتاز کرتا ہے۔

راہول ورما کہتے ہیں کہ ’ماضی میں ہونے والے نظریاتی یا پالیسی بنیادوں پر احتجاجوں کے برعکس، یہ تحریک براہِ راست بی جے پی کی حکمرانی اور انتظامی صلاحیت پر سوال اٹھاتی ہے۔ حکومت کو اپنی حکمتِ عملی پر ازسرِ نو غور کرنا ہوگا۔‘

ان کے مطابق مظاہرین کی بڑی تعداد بی جے پی کی فطری مخالف نہیں۔ بلکہ ان میں ایسے بلند حوصلہ نوجوان اور ان کے والدین شامل ہیں جو تعلیم اور مسابقتی امتحانات کو بہتر مستقبل اور سماجی ترقی کا راستہ سمجھتے ہیں۔

راہول ورما کا کہنا ہے کہ چونکہ اس تحریک کی بنیاد نظریاتی اختلاف کے بجائے طرزِ حکمرانی اور انتظامی کارکردگی سے جڑی شکایات ہیں، اس لیے بی جے پی کے لیے اپنے حامیوں کو روایتی سیاسی خطوط پر متحرک کرنا آسان نہیں۔ اسی طرح حکومت ان سیاسی بیانیوں سے بھی خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھا سکتی جن کے ذریعے اس نے ماضی کی احتجاجی تحریکوں کا مقابلہ کیا تھا۔

16 سالہ کرشنا آریہ، جو انڈیا کی کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی زخمی حامی ہیں، احتجاجی مقام پر اپنی والدہ کی گود میں آرام کر رہی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشندہلی میں امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کے خلاف پارلیمان کی جانب ہزاروں افراد کے مارچ کے ایک دن بعد ایک زخمی کم عمر مظاہرہ کرنے والی اپنی والدہ کی گود میں آرام کر رہی ہے

پیر کے روز ہونے والے مظاہروں نے بظاہر اسی موقف کو تقویت دی۔

گذشتہ دو ہفتوں کے دوران سی جے پی کا موازنہ بارہا سنہ 2011 کی انسدادِ بدعنوانی تحریک سے کیا جاتا رہا، لیکن اس کی بنیادی وجہ سڑکوں پر موجود طاقت نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر اس کی غیر معمولی مقبولیت اور رسائی تھی۔ ناقدین مسلسل یہ سوال اٹھا رہے تھے کہ کیا ڈیجیٹل دنیا میں نظر آنے والا جوش و خروش حقیقی عوامی شرکت میں بھی تبدیل ہو سکتا ہے یا نہیں۔

پیر کے روز ہونے والے اجتماعات نے اشارہ دیا کہ کم از کم ابتدائی سطح پر ایسا ممکن دکھائی دیتا ہے۔

یونیورسٹی آف مشیگن میں ٹیکنالوجی اور معاشرے کے پروفیسر جویوجیت پال کے مطابق سوشل میڈیا آج ایک ایسے ’بارودی ڈھیر‘ کی صورت اختیار کر چکا ہے جو محض ایک چنگاری کا منتظر ہوتا ہے۔ ان کے بقول، اس کی رفتار، وسعت اور اثر پذیری بنیادی طور پر عوامی جذبات سے تقویت پاتی ہے۔

بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کی جوابدہی کے فقدان پر عوام میں پائی جانے والی دیرینہ مایوسی نے اس ’دھماکے‘ کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا، جبکہ سوشل میڈیا کا موجودہ ڈھانچہ ایسے جذباتی ابھاروں اور اجتماعی ردِعمل کو بار بار جنم دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تاہم اب اصل سوال یہ ہے کہ آیا یہ آن لائن مقبولیت اور عوامی غصہ ایک منظم اور پائیدار عوامی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے یا نہیں۔

راہول ورما کے نزدیک پیر کا اجتماع ایک اہم موڑ کی نشاندہی کرتا ہے۔

ان کے الفاظ میں، ’میرے خیال میں پیر کا مظاہرہ اس بات کا اشارہ دیتا ہے کہ یہ تحریک شاید اپنی ارتقائی منزل کے ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔‘

وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ اگر حکام مطالبات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں تو تحریک کا رخ ایک طرف جا سکتا ہے، جبکہ سخت یا غیر مؤثر ردِعمل اسے مزید وسعت بھی دے سکتا ہے۔

دوسری جانب براؤن یونیورسٹی کی یامنی آیئر کے مطابق پیر کے احتجاجوں نے ایک اور اہم حقیقت کو بھی نمایاں کیا۔

اگرچہ احتجاج میں طلبہ یونینوں، بائیں بازو کی جماعتوں اور دلت حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں، جیسے بھیم آرمی، کی موجودگی نمایاں تھی، لیکن مجموعی منظر نامے میں ان کا کردار ثانوی دکھائی دیا۔ ان کے بقول، احتجاج کی اصل قوت ملک بھر سے ازخود پہنچنے والے طلبہ تھے، جو کسی ایک سیاسی یا نظریاتی تنظیم کے بینر تلے جمع نہیں ہوئے تھے۔

یامنی آیئر کہتی ہیں کہ ’انڈیا کی حالیہ تاریخ کے بڑے احتجاجی مظاہروں کے مقابلے میں یہ پہلو اسے منفرد بناتا ہے۔‘

ان کے مطابق اس تحریک کی خاص بات یہی ہے کہ اس کی توانائی روایتی سیاسی ڈھانچوں یا منظم جماعتوں سے نہیں، بلکہ براہِ راست طلبہ اور نوجوانوں کی اجتماعی بے چینی، مایوسی اور امیدوں سے جنم لے رہی ہے۔ یہی عنصر اسے ایک عام احتجاج سے بڑھ کر ممکنہ طور پر ایک وسیع تر سماجی اور سیاسی رجحان میں تبدیل کر سکتا ہے۔

کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت ڈپکے جنتر منتر میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے کے لیے دھرنے میں شریک ہیں۔

،تصویر کا ذریعہHindustan Times via Getty Images

،تصویر کا کیپشنکاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت ڈپکے جنتر منتر میں وزیر تعلیم کے استعفے کے مطالبے کے لیے دھرنے میں شریک رہے

یامنی آیئر کے مطابق اسی طرح ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ یہ تحریک اب اُس تنظیم اور سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال سے بھی آگے نکل چکی ہے جس نے اسے ابتدا میں جنم دیا تھا۔

ان کے بقول، ’محرک شاید سی جے پی تھی، لیکن اب یہ تحریک اس سے کہیں بڑی شکل اختیار کر چکی ہے۔‘

یامنی آیئر کے مطابق طلبہ صرف ریاست کے احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے طریقۂ کار کے خلاف سڑکوں پر نہیں نکلے، بلکہ وہ ایک ایسے پلیٹ فارم کی تلاش میں تھے جہاں وہ اپنی اس گہری مایوسی اور بے چینی کا اظہار کر سکیں جو طویل عرصے سے ان کے اندر جمع ہو رہی تھی۔

ان کے الفاظ میں، احتجاجی مظاہروں میں نظر آنے والے میمز، پوسٹرز اور نعروں سے واضح تھا کہ عوامی غصہ محض امتحانی پرچوں کے لیک ہونے تک محدود نہیں رہا۔

ابتدا میں حکومت نے اپنے وزرا اور پارٹی ترجمانوں کو اس معاملے پر ردِعمل دینے دیا، لیکن بدھ کے روز حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے براہِ راست مداخلت کی۔

وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپوزیشن جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ طلبہ کو ’سیاسی ہتھیار‘ کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ تاہم انھوں نے یہ بھی اصرار کیا کہ حکومت طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے پارلیمانی راستہ اختیار کرنے اور مؤثر اقدامات کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو پہلی مرتبہ عوامی سطح پر اس مسئلے پر اظہارِ خیال کیا۔

انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’ہمارے نوجوانوں کی فلاح اور ان کا مستقبل ہمارے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔‘

مودی نے امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف تیز رفتار کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’جو لوگ ہمارے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے کی کوشش کریں گے، انھیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔‘

تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ آیا حکومتی یقین دہانیاں اور اعلانات احتجاجی تحریک کو ختم کرنے یا اس کی شدت کم کرنے کے لیے کافی ثابت ہوں گے یا نہیں۔

یامنی آیئر کے خیال میں اس تحریک کی اصل اہمیت یہ ہے کہ یہ صرف امتحانی نظام کے بحران کی عکاس نہیں، بلکہ ملک میں پیدا ہونے والے وسیع تر معاشی اور سماجی خدشات کو بھی نمایاں کر رہی ہے۔ ان کے مطابق سست روی کا شکار معیشت، روزگار کے محدود ہوتے مواقع اور نوجوانوں میں مستقبل کے حوالے سے بڑھتا ہوا عدمِ تحفظ اس تحریک کے پس منظر میں موجود بڑے عوامل ہیں۔

اسی لیے بہت سے مبصرین اسے صرف امتحانی اصلاحات کی تحریک نہیں، بلکہ نوجوان انڈین شہریوں کی اُس بڑھتی ہوئی بے چینی کا اظہار قرار دے رہے ہیں جو بہتر تعلیم، روزگار اور سماجی ترقی کے وعدوں کے کمزور پڑنے سے پیدا ہوئی ہے۔ اگر یہ احساس مزید گہرا ہوتا ہے تو ممکن ہے کہ یہ تحریک محض تعلیمی اصلاحات کے مطالبے سے آگے بڑھ کر حکمرانی، مواقع اور مستقبل کے امکانات کے بارے میں ایک وسیع قومی بحث کا آغاز بن جائے۔

کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے حامی دہلی کے جنتر منتر پہنچ رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

،تصویر کا کیپشنبہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ جاری احتجاج عوامی مایوسی کے وسیع تر احساسات کی عکاسی کر رہے ہیں

یامنی آیئر کہتی ہیں کہ ’گہری اقتصادی بے اطمینانی اور پریشانی موجود ہے، جس نے مستقبل کے بارے میں امید کی کمی کو جنم دیا ہے۔ یہ ایک ایسی حکومت سے بڑھتی ہوئی تھکن کی عکاسی ہو سکتی ہے جو طویل عرصے سے اقتدار میں ہے۔ جن وعدوں کی بنیاد پر اس نے اپنی ساکھ بنائی تھی، ان پر عمل درآمد میں ناکامی شاید ایک فیصلہ کن موڑ تک پہنچ چکی ہے۔‘

ان کے نزدیک یہ احتجاج صرف ایک پالیسی ناکامی کا معاملہ نہیں۔

’مظاہرین کا پیغام واضح ہے: ہم تھک چکے ہیں۔ ہمیں ایک نئی قسم کی سیاست، ایک نئی سیاسی زبان درکار ہے، جو نظریات پر مبنی ہو اور حکمرانی اور کارکردگی پر توجہ دے۔‘

تاہم یہ ایک الگ سوال ہے کہ آیا یہ مایوسی خود کو ایک پائیدار سیاسی تحریک میں بدل سکتی ہے۔

سیاسیات کے ماہر سہاس پلشیکر کہتے ہیں کہ کاکروچ تحریک شاید عوامی غصے کے اظہار کا ایک ذریعہ بنے اور پھر کسان تحریک کی طرح بتدریج مدھم پڑ جائے۔

انھوں نے ایکس پر لکھا کہ ’کاکروچ تحریک کہاں جائے گی؟ شاید کہیں نہیں۔ یہ غصے کے اظہار کا موقع فراہم کرے گی اور پھر آہستہ آہستہ ختم ہو جائے گی۔‘

وہ اسے جنریشن زی کی بغاوت قرار دینے سے بھی خبردار کرتے ہیں۔

’یہ تصور کرنا غلطی ہوگی کہ یہ نوجوانوں کی یا جنریشن زی کی تحریک ہے۔ مبصرین کے لیے یہ صرف ایک آسان مفروضہ ہے۔‘

ان کے مطابق اس تحریک کا ’نظریاتی اور سیاسی کردار فی الحال غیر متعین‘ ہے، اور مختلف سیاسی قوتیں اس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کریں گی۔

تاہم ان کے مطابق مظاہرین نے ایک بات بلا شبہ ثابت کر دی ہے: ریاست کا سامنا کرنے کی آمادگی۔

’نوجوانوں نے اپنی بے چینی اور نفرت کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے جمہوری حکومت کی سخت پولیس کارروائی کا سامنا کیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی دکھایا ہے کہ صرف سڑکوں پر عمل ہی اس حکومت کو سننے اور بات کرنے پر مجبور کرتا ہے۔‘

سہاس پلشیکر کے مطابق یہ توانائی برقرار رہتی ہے یا نہیں، اس کا انحصار ریاستی جبر، میڈیا بلیک آؤٹ، قیادت کے مسائل اور وسیع سماجی اتحاد قائم کرنے کی دشواری سمیت کئی عوامل پر ہوگا۔

دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے ماہر معاشیات سُراجیت مزومدار بھی سمجھتے ہیں کہ یہ تحریک پہلے ہی امتحانی پرچوں کے لیک ہونے سے کہیں بڑی چیز کی نشاندہی کر رہی ہے۔

8 اپریل 2011 کو امرتسر کے ایک باغ میں بھارتی سماجی کارکن انا ہزارے کی حمایت میں بھارتی طلبہ انسدادِ بدعنوانی نعرے لگا رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

،تصویر کا کیپشنسنہ2011 کی انڈین انسدادِ بدعنوانی تحریک میں شریک طلبہ

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’موجودہ احتجاج اور اس پر سامنے آنے والا خودبخود ردعمل اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ نوجوانوں اور طلبہ میں ملک کے حالات اور تعلیمی نظام کے بارے میں وسیع پیمانے پر بے اطمینانی پائی جاتی ہے، جو صرف پرچہ لیک ہونے کے معاملے تک محدود نہیں۔‘

ان کے مطابق سابقہ طلبہ تحریکوں کے مقابلے میں موجودہ تحریک ’زیادہ وسیع اور بڑے پیمانے‘ کی دکھائی دیتی ہے۔

سُراجیت مزومدار اس خیال کو بھی مسترد کرتے ہیں کہ یہ احتجاج نظریات سے ماورا ہیں۔

ان کے مطابق، ان سے پہلے کسان تحریک کی طرح، یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ ’جمہوری روح اب بھی انڈین معاشرے میں زندہ ہے۔‘

یامنی آیئر کے نزدیک یہ جمہوری جذبہ پہلے ہی سیاست کو نئی شکل دے رہا ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ ’لوگ ایسے مقامات پر حکمرانی کے لیے جوابدہی چاہتے ہیں جو انتخابی نہیں ہیں۔ انتخابی جواز اور انتخابی دائرے سے باہر جمہوری جوابدہی کے درمیان جو تقسیم پیدا ہوئی ہے، وہ انڈیا کی سیاست کا نیا مظہر ہے۔‘

تاہم یہ وقت ہی بتائے گا کہ کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاجوں کی یہی سب سے اہم میراث ثابت ہوگی یا یہ عوامی غصے کا محض ایک عارضی لمحہ تھا۔