ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی پر اسلامی ممالک ذمہ دارانہ ردِعمل دیں: عباس عراقچی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نئے سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اسلامی ممالک کو ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر ذمہ دارانہ ردِعمل دینا چاہیے اور طاقت کے استعمال اور جارحیت کا مقابلہ کرنا چاہیے۔‘
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق عراقچی نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل مقرر ہونے پر حسین ابراہیم طٰہٰ کو مبارکباد دی اور ان کے نئے منصب میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ نئے سیکریٹری جنرل اسلامی دنیا کو درپیش حالات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ’اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی رابطے کو فروغ دینے میں تنظیم کی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لائیں گے۔‘
گفتگو کے دوران عراقچی نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جارحیت کے بعد خطے کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’اسلامی ممالک کو ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر ذمہ دارانہ ردِعمل دینا چاہیے اور طاقت کے استعمال اور جارحانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔‘

















