آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, اردن میں امریکی اڈوں پر ایران کے میزائل حملوں کا ’دوسرا مرحلہ‘، سینٹکام کا پانچ ایرانی آئل ٹینکر تباہ کرنے کا دعویٰ

سینٹکام نے پانچ ایرانی آئل ٹینکر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ پاسدارانِ انقلاب نے اردن میں امریکی فوجی اڈوں اور جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق اردن میں امریکی اڈوں پر میزائل حملوں کے ایک اور مرحلہ میں پرنس حسن فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

خلاصہ

  • کرک میں پولیس موبائل پر حملہ، ایک اہلکار ہلاک، ایک زخمی
  • پی ٹی آئی 27 ستمبر احتجاج کیس: اسلام آباد ہائی کورٹ نے لارجر بینچ تشکیل دے دیا
  • پاسداران انقلاب کا دو امریکی جہازوں اور آٹھ آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
  • اردن میں امریکی اڈوں پر ایران کے میزائل حملوں کا 'دوسرا مرحلہ'
  • سینٹکام کا ایرانی خام تیل لے جانے والے پانچ آئل ٹینکر تباہ کرنے کا دعویٰ
  • حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے 58 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں چار روپے 18 پیسے اضافہ کر دیا

لائیو کوریج

  1. کرک میں پولیس موبائل پر حملہ، ایک اہلکار ہلاک، ایک زخمی

    پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں تھانہ صابر آباد کی حدود میں پولیس موبائل پر نا معلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل ظفران ہلاک جبکہ کانسٹیبل محمد امتیاز زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق گذشتہ شب شنکئی ڈیم کے علاقے میں معمول کی گشت پر مامور پولیس موبائل کو نا معلوم مسلح ملزمان کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے بعد علاقے میں ’سرچ اینڈ سٹرائیک‘ آپریشن کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

    زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انھیں ضروری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اور ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

  2. پی ٹی آئی 27 ستمبر احتجاج کیس: اسلام آباد ہائی کورٹ نے لارجر بینچ تشکیل دے دیا, شہزاد ملک، بی بی سی اردو

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج اور لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جبکہ معاملے کی سماعت کے لیے تین رکنی لارجر بینچ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔

    لارجر بینچ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے ساتھ جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف بھی شامل ہوں گے۔

    چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے گذشتہ سماعت کا تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز (آئی جیز) کو کل ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

    عدالت نے چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔

    تحریری حکم نامے کے مطابق ایک تاجر کی جانب سے پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو احتجاج کے باعث ہونے والے ممکنہ نقصانات سے آگاہ کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق قانون پہلے سے موجود ہے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے، اس لیے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو اُن کے اہلخانہ اور ذاتی معالجین تک رسائی نہ دینے پر 27 ستمبر کو احتجاج اور لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

  3. پاسداران انقلاب کا دو امریکی جہازوں اور آٹھ آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایران کے پانچ آئل ٹینکروں پر حملے کے ردعمل میں ان کی بحریہ نے ’دو امریکی جہازوں اور آٹھ آئل ٹینکروں‘ پر حملہ کیا اور انھیں ’بہت زیادہ نقصان‘ پہنچایا ہے۔

    بدھ کی صبح جاری کیے گئے بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ آبنائے ہرمز کے ’ممنوعہ اور غیر محفوظ علاقے‘ سے گزرنے کی کوشش کرنے والے 10 جہازوں پر حملہ کیا گیا۔

    گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران جاری کیے گئے بیانات میں ایران کے پاسداران انقلاب نے اردن اور بحرین میں امریکی ٹھکانوں پر میزائل حملوں کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

    ان اطلاعات کی ابھی تک آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

    تاہم، امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے منگل کی نصف شب جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس نے اپنے جنگی بحری جہازوں پر حملے کے ردعمل میں ایران کے پانچ آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا ہے، اور یہ بھی کہا تھا کہ ان جنگی جہازوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور وہ اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  4. اردن میں امریکی اڈوں پر ایران کے میزائل حملوں کا ’دوسرا مرحلہ‘

    پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھی جانے والی خبر رساں ایجنسیوں نے اطلاع دی ہے کہ ایران نے اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملوں کا ایک اور مرحلہ شروع کیا ہے، جس میں مشرقی اردن میں واقع پرنس حسن فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔

    اسی دوران ایرانی ذرائع نے اردن پر میزائل حملوں کے پہلے مرحلے سے منسوب کئی ویڈیو تصاویر جاری کی ہیں، جن میں سے بعض میں ایرانی میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام سے گزر کر براہِ راست اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    بدھ کی صبح پاسدارانِ انقلاب نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس نے امریکی جنگی جہازوں پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔

  5. پاسدارانِ انقلاب کا امریکی جہازوں پر میزائل حملے کا دعویٰ

    پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی جنگی جہازوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب نے بدھ کی صبح جاری کیے گئے ایک نئے بیان میں کہا: طاقت ور بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے DDG-119 اور DDG-53 جنگی تباہ کن جہازوں کو، جو کروز میزائلوں اور ایجس (Aegis) نظام سے لیس تھے، نشانہ بنایا گیا، اور دعویٰ کیا کہ ان حملوں سے انھیں نقصان پہنچا ہے۔

    اس سے ایک گھنٹہ قبل سینٹکام نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے اپنے جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کی ایران کی کوششوں کے جواب میں پانچ ایرانی آئل ٹینکروں پر حملہ کر کے انھیں تباہ کر دیا ہے۔

    امریکی جہازوں پر ایران کے میزائل حملوں کا معاملہ گذشتہ چند دنوں کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان اہم چیلنجوں میں سے ایک بن گیا ہے۔

    محسن رضائی نے چند روز قبل کہا تھا کہ ایرانی افواج بحری جہاز شکن میزائلوں کے ذریعے امریکی جہازوں کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔

    امریکہ نے اپنے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنائے جانے کی تردید کی تھی، تاہم ایسی کوششوں کے جواب میں اس نے ایرانی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔

  6. پاسدارانِ انقلاب نے امریکی خودکار آبدوز پر حملے کی تصاویر جاری کر دیں

    منگل کو پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے ایک امریکی خودکار آبدوز کے قبضے میں لیے جانے کا اعلان کیے جانے اور سینٹکام کی جانب سے اس بات کی تصدیق کے بعد کہ امریکی بحریہ کی زیہپد کو 24 گھنٹے قبل فنی خرابی کا سامنا ہوا تھا، سپاہ نیوز ویب سائٹ نے ایسی تصاویر شائع کیں جن کے بارے میں کہا گیا کہ ان میں خودکار آبدوز کو پانی سے نکالتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    سینٹکام کے ترجمان فرسٹ کیپٹن ٹم ہاکنز نے منگل کو بی بی سی سے گفتگو میں کہا: امریکہ سے تعلق رکھنے والی ایک زیہپد کو فنی خرابی کا سامنا ہوا تھا۔ زیہپد جاری کارروائیوں کی حمایت میں علاقے کے پانیوں میں گشت کر رہی تھی۔

    انھوں نے کہا: یہ ایک پرانا ماڈل تھا جو حساس معلومات جمع نہیں کرتا تھا اور اس میں خفیہ ریڈار یا سینسر کا سامان موجود نہیں تھا۔ علاقائی پانیوں میں امریکی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔

    سینٹکام کے ترجمان کے بیان کے جواب میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ آبدوز کا فعال ہونا اور کارروائیوں کے دوران استعمال میں ہونا ان بحری ہتھیاروں کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

  7. پاسدارانِ انقلاب کا اردن کے الازرق اڈے پر امریکی جنگی طیاروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    پاسدارانِ انقلاب نے گذشتہ ایک گھنٹے کے دوران اردن میں مختلف مقامات پر میزائل حملے سے منسوب کئی تصاویر جاری کی ہیں اور ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں واقع امریکی الازرق اڈے کو نشانہ بنایا۔

    منگل کی نصف شب جاری کیے گئے ایک بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا: اس کارروائی میں ٹھوس ایندھن اور مائع ایندھن سے چلنے والے بیلسٹک میزائلوں نے ایف 15، ایف 16 اور ایف 35 جنگی طیاروں کی دیکھ بھال، تیاری اور تعیناتی کے مقامات، نیز جنگی طیاروں کے ہینگر کو نشانہ بنایا، جس سے بھاری نقصان ہوا۔

    پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ اس نے یہ حملے ایرانی آئل ٹینکروں پر امریکی حملوں کے ردعمل میں کیے۔

    اس سے چند منٹ قبل، سینٹکام نے اعلان کیا تھا کہ اس نے اپنے جنگی جہازوں پر ایران کے حملے کے جواب میں پانچ ایرانی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا ہے، تاہم اس نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ ان جہازوں پر حملے کی ایران کی کوشش سے نہ تو ان جہازوں کو کوئی نقصان پہنچا اور نہ ہی امریکی افواج کو۔

  8. سینٹکام کا ایرانی خام تیل لے جانے والے پانچ آئل ٹینکر تباہ کرنے کا دعویٰ

    امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے منگل کو دعویٰ کیا کہ اس کی افواج نے گذشتہ دو دنوں میں خام تیل لے جانے والے پانچ ٹینکروں کو تباہ کر دیا، یہ کارروائی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے گذشتہ دو دنوں میں امریکی بحریہ کے ایک جہاز پر دو بیلسٹک میزائل حملوں کے بعد کی گئی۔

    سینٹکام کے بیان میں کہا گیا کہ امریکی جہاز، ایرانی میزائل حملوں سے کامیابی کے ساتھ بچ نکلے اور علاقائی پانیوں میں گشت جاری رکھا۔ کمانڈ کے مطابق حملوں میں کوئی امریکی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

    ایران کے تازہ ناکام حملوں کے جواب میں سینٹکام نے کہا کہ اس نے بحیرۂ عمان میں ایم ٹی کاویز، ایم ٹی چارمینار، ایم ٹی ہورائزن ون اور ایم ٹی رسکو نامی ٹینکروں کو، جبکہ خارک جزیرے کے قریب ایم ٹی دریا کو نشانہ بنایا۔

    امریکی فوج کے مطابق جہازوں پر حملے سے پہلے ان کے عملے کو جہاز چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا، جس کے بعد ٹینکروں کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا گیا۔

    سینٹکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ان ٹینکروں کو پاسدارانِ انقلاب اور اس کے علاقائی اتحادیوں کی مالی معاونت کے لیے اربوں ڈالر مالیت کے ایک خفیہ تیل منتقلی نیٹ ورک کے حصے کے طور پر استعمال کر رہا تھا، اور یہ بھی کہا کہ ایران ان جہازوں کے دفاع کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

    بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ سینٹکام کی افواج نے 5 ستمبر کو مزید تین ایرانی آئل ٹینکر تباہ کر دیے تھے، جب انقلابی گارڈز نے ایک امریکی طیارہ بردار بحری جہاز اور ایک میزائل تباہ کن جنگی جہاز پر حملے کی کوشش کی تھی۔

    ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے بندرگاہ جاسک کے ساحل سے دور ایک آئل ٹینکر پر حملے کی تصدیق کی ہے، تاہم دیگر آئل ٹینکروں پر حملوں کے متعلق کوئی خبر نہیں دی گئی۔

    دریں اثنا، پاسدارانِ انقلاب نے ایک ہنگامی نوٹس جاری کرتے ہوئے بحرین اور کویت کی بندرگاہوں میں موجود ٹینکروں کے عملے کو فوری طور پر ڈیک چھوڑنے کی تنبیہ کی، کیونکہ انھیں جلد نشانہ بنایا جائے گا۔

    ایران نے اردن اور ملک میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملوں کا بھی اعلان کیا ہے۔

  9. آبنائے ہرمز میں ایک آبدوز میں تکنیکی خرابی ہوئی تھی: امریکی سینٹرل کمانڈ کا ایرانی دعوے پر ردِعمل

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کی ایک آبدوز کو تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ آبدوز علاقے کے پانیوں میں جاری آپریشنز کی معاونت کے لیے گشت کر رہی تھی۔

    اس سے قبل ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے دعویٰ کیا تھا کہ پاسدارانِ انقلاب نے ایک امریکی سمارٹ آبدوز کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

    فارس کے مطابق یہ امریکی فوج کی ’انتہائی جدید، ذہین اور بغیر عملے کے چلنے والی (ان مینڈ) آبدوزوں‘ میں سے ایک ہے۔

    فارس نے یہ بھی کہا کہ اس آبدوز کو ’آبنائے ہرمز کے داخلی راستے‘ پر قابو کیا ہے۔

    سینٹکام کے ترجمان لیفٹیننٹ کیپٹن ٹم ہاکنز نے ایک بیان میں کہا: ’ایک روز قبل امریکی بحریہ کی ایک آبدوز کو تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ آبدوز علاقے کے پانیوں میں جاری آپریشنز کی معاونت کے لیے گشت کر رہی تھی۔‘

    اُنھوں نے مزید کہا کہ یہ ڈرون آبدوز کا ایک پرانا ماڈل تھا جو حساس معلومات اکٹھی نہیں کرتا تھا اور اس میں کوئی خفیہ (کلاسیفائیڈ) ریڈار یا سینسر کا سامان نصب نہیں تھا۔

  10. حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے 58 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں چار روپے 18 پیسے اضافہ کر دیا

    حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں پانچ روپے 58 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 364 روپے35 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں چار روپے 18 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پیٹرول کی قیمت 364 روپے 35 پیسے ہو گئی ہے۔

  11. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • امریکی محکمۂ خزانہ نے ایران کی 27 فضائی کمپنیوں اور چند دیگر اداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ یہ اقدام ایران کی معیشت کو مزید عالمی سطح پر تنہا کرنے کی امریکی کوششوں کے سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
    • برطانیہ کے وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیا کی درآمد پر پابندی سمیت متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
    • برطانیہ کی جانب سے مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں پر پابندیوں کے اعلان کے بعد اسرائیل نے جوابی اقدامات کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ یروشلم میں قائم برطانوی قونصل خانہ بھی بند کر دیا جائے گا۔
    • قطری وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کا ملک علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایران اور امریکہ کے درمیان سفارت کاری اور مذاکرات کی بحالی کے لیے کام کر رہا ہے۔
    • یمن کے حوثی جنگجوؤں نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے گذشتہ تین روز کے دوران یمن پر 120 سے زائد سعودی حملوں کے جواب میں سعودی عرب کے اقتصادی اور عسکری اہداف پر درجنوں ڈرونز اور میزائل داغے ہیں۔
    • یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کے سعودی عرب پر حملوں میں کم از کم 73 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
    • پاکستان نے سعودی عرب کے شہروں ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران کے شہری اور اقتصادی اہداف پر حوثی جنگجوؤں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے یمن تنازع کے پُر امن اور دیرپا حل کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
    • ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کی جانب سے سعودی عرب کی توانائی تنصیبات پر حملوں اور تہران کی طرف سے امریکہ کو ’اقتصادی جنگ‘ کی دھمکی کے بعد منگل کو تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئیں۔
  12. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔