آج کی خبروں کا خلاصہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سٹیو وِٹکوف اور جیرڈ کشنر کا ایران جنگ سے متعلق مذاکرات کے لیے پاکستان کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔
ذیل میں آج کی اہم خبروں کا خلاصہ پیش ہے:
امریکہ اور ایران کے درمیان کوئی سفارتی پیش رفت نہیں ہوئی
- گذشتہ شام ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی پاکستان کا دورہ مکمل کر کے روانہ ہو گئے۔ انھوں نے پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات کو ’انتہائی مفید‘ قرار دیا تاہم کہا کہ انھیں ابھی یہ دیکھنا ہے کہ آیا امریکہ واقعی سفارت کاری میں سنجیدہ ہے یا نہیں۔
- وائٹ ہاؤس نے گذشتہ روز اعلان کیا تھا کہ دو مشیر بھی پاکستان بھیجے جائیں گے، تاہم عراقچی کے عمان روانہ ہونے کے فوراً بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ منصوبہ منسوخ کر دیا۔
- ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا: ’ہمارے پاس تمام کارڈز ہیں، ان کے پاس کچھ نہیں! اگر وہ بات کرنا چاہتے ہیں تو بس ہمیں کال کر لیں!!!‘
- پاکستان کے وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ملک ایک ’پرعزم‘ ثالث کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا، جبکہ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق عباس عراقچی اتوار کو دوبارہ اسلام آباد واپس آئیں گے۔
اسرائیل کا لبنان میں حزب اللہ کے اہداف پر حملوں کا حکم
- دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے فوج کو لبنان میں حزب اللہ کے مبینہ اہداف پر ’شدید حملوں‘ کی ہدایت دی ہے۔
- لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہفتے کی شام جنوبی لبنان میں متعدد حملے رپورٹ ہوئے ہیں۔
- اسرائیل اور حزب اللہ ایک دوسرے پر بارہا جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے رہے ہیں، جسے ٹرمپ نے چند روز قبل توسیع دی تھی۔
- صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ جنگ بندی برقرار رہے، اس لیے ممکن ہے کہ یہ صورتحال مکمل جنگ کی طرف واپسی کا عندیہ نہ ہو، تاہم ہمارے نامہ نگار کے مطابق یہ اس بات کی نشاندہی ضرور کرتی ہے کہ حالات کتنے نازک ہیں۔